نئی دہلی، 16 نومبر (آئی این ایس انڈیا) سی بی آئی نے بچوں کے آن لائن جنسی استحصال اور زیادتی کے الزام میں 14 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں چھاپے مارے ہیں۔ سی بی آئی کی مختلف ٹیموں نے مل کر تقریباً 76 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ ان ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آندھرا پردیش، دہلی، یوپی، پنجاب، بہار، اڈیشہ، تمل ناڈو، راجستھان، مہاراشٹر، گجرات، ہریانہ، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش شامل ہیں۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے بچوں کے آن لائن جنسی استحصال سے متعلق شکایات پر کل 83 ملزمان کے خلاف 23 الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔سی بی آئی کے ترجمان آر سی جوشی نے کہا کہ آندھرا پردیش، دہلی، اتر پردیش، پنجاب، بہار، اڈیشہ، تمل ناڈو، راجستھان، مہاراشٹر، گجرات، ہریانہ، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور ہماچل پردیش میں تلاشی لی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چھاپہ مار کارروائی مربوط طریقے سے کی جا رہی ہے۔